حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ ممبئی و وکیل آیت اللہ العظمی سیستانی حجۃ الاسلام والمسلمین سید احمد علی عابدی نے مرجعِ عالی قدر حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی رحلت پورے عالمِ تشیع کے لیے ایک عظیم سانحہ ہے۔ انہوں نے مرحوم کی علمی و دینی خدمات، دفاعِ ولایت و امامت اور ایامِ فاطمیہ کو زندہ کرنے میں ان کے نمایاں کردار کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
حجۃ الاسلام والمسلمین سید احمد علی عابدی کے تعزیتی پیغام کا متن حسب ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ، رِضاً بِقَضائِهِ وَ تَسلیماً لِأَمْرِهِ۔
استادِ بزرگوار، مدافعِ ولایت و امامت اور عصر جدید میں بانیِ ایامِ فاطمیہ، حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کی خبرِ وفات نہایت اندوہناک، دل سوز اور تکلیف دہ ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ جس طرح اس مردِ مجاہد نے کسی کی پروا کیے بغیر اور کسی ملامت کرنے والے کی ملامت کی طرف توجہ دیے بغیر، امامت و ولایتِ اہل بیت علیہم السلام کا دفاع کیا اور اپنے دروس میں ولایت و امامت کے دقیق اور باریک نکات کو جس تفصیل اور گہرائی کے ساتھ بیان فرمایا، وہ اپنی مثال آپ ہے۔
ان کے بیانات میں غیر معمولی گہرائی اور گیرائی پائی جاتی تھی۔ انہوں نے اپنے دور میں متعدد مجتہدین، مبلغین اور اہل بیت علیہم السلام کے دفاع و ترویج کے لیے کام کرنے والے افراد کی تربیت فرمائی۔ مختلف شکوک و شبہات کے مدلل جوابات دیے۔ وہ اپنے زمانے کے ممتاز خطیب ہونے کے ساتھ ساتھ حوزاتِ علمیہ کے نمایاں ترین اساتذہ میں شمار ہوتے تھے۔
ان کا علمی انداز اپنی گہرائی، گیرائی اور منفرد استدلال کے اعتبار سے ممتاز تھا۔ ان کے دروس کو اہل علم نہایت دقیق اور عمیق قرار دیتے تھے۔ یہ علمی گہرائی اور فکری پختگی ان کی ذات کا خصوصی امتیاز تھی۔ وہ اپنی ذات میں ایک منفرد شخصیت اور اپنی مثال آپ تھے۔
اتنی عظیم علمی و دینی شخصیت اور مرجعِ عالی قدر کا انتقال پورے عالمِ تشیع کے لیے ایک بہت بڑا سانحہ ہے، جس کی شدت کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔
اس عظیم سانحے پر سب سے پہلے حضرت بقیۃ اللہ الاعظم امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی بارگاہ میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔ وہ ایسی عظیم شخصیت تھے جو ہمیشہ امام زمانہؑ کے حریمِ ولایت کا دفاع کرتے، آپؑ کے نامِ نامی کو زندہ رکھتے اور لوگوں کو آپؑ کی طرف متوجہ کرتے تھے۔ ان کا معمول تھا کہ وہ اپنے ہر درس کا آغاز امام زمانہؑ پر سلام بھیج کر کرتے تھے۔ امام زمانہؑ سے ان کی گہری محبت اور قلبی وابستگی ان کی نمایاں خصوصیات میں سے تھی۔ آج ان کے دروس میں شرکت کا یہ سلسلہ بھی ان کے دنیا سے رخصت ہونے کے ساتھ ختم ہوگیا۔
ان کی رحلت سے حوزات علمیہ میں ایک عظیم علمی مجلس و محفل ویران ہوگئی اور امامت و ولایت کے دفاع کا ایک اہم مرکز خالی ہوگیا۔
ان کے دفاعِ امامت و ولایت سے متعلق بیانات اور تصانیف آج بھی ہمارے لیے ایک عظیم علمی سرمایہ ہیں۔ بارگاہِ الٰہی میں دعا ہے کہ پروردگار انہیں جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شفاعت نصیب فرمائے، ان کے درجات کو بلند سے بلند تر کرے اور ہر مرحلے میں ان پر سیدہ کونینؑ کی عنایات و برکات شاملِ حال فرمائے۔
بلاشبہ انہوں نے اپنے دور میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے تذکرے کو جس انداز سے زندہ کیا اور ایامِ فاطمیہ کو ایک نئی جہت عطا کی، وہ ناقابلِ فراموش ہے۔ آج پوری دنیا میں ایامِ فاطمیہ کی مجالس کا اہتمام اور اس مناسبت سے ہونے والی تبلیغی و دینی سرگرمیاں بڑی حد تک ان کی اور حضرت آیت اللہ العظمیٰ آقا میرزا جواد تبریزیؒ کی مخلصانہ کوششوں کا نتیجہ ہیں۔
ان دونوں بزرگواروں نے ایسے دور میں ایامِ فاطمیہ کی بنیادوں کو مضبوط کیا جب بعض حلقوں کی جانب سے حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے فضائل و مناقب کے بیان میں کوتاہی برتی جا رہی تھی اور آپؑ پر ڈھائے گئے مظالم کی اہمیت کو کم کرنے کی کوششیں ہو رہی تھیں۔ ایسے حالات میں ان دو عظیم شخصیات نے میدان میں آکر ایامِ فاطمیہ کو زندہ کیا، اس کی اہمیت کو اجاگر کیا اور اس پیغام کو دنیا بھر میں عام کیا۔ آج پوری دنیا ایامِ فاطمیہ کی مناسبت سے مجالس و محافل منعقد کر رہی ہے۔ خداوند متعال ان دونوں بزرگواروں کو جزائے خیر عطا فرمائے اور انہیں جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شفاعت نصیب فرمائے۔
ہم ان کی رحلت پر تمام حوزاتِ علمیہ، علماء و فضلاء، شاگردوں اور بالخصوص ان کے فرزندانِ عزیز کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں اور ان کے لیے صبر و اجر کی دعا کرتے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ ان کے فرزندانِ عزیز اپنے والدِ بزرگوار کے علمی، دینی اور تبلیغی مشن کو آگے بڑھائیں گے اور ان کے قائم کردہ راستے کو زندہ رکھیں گے۔
بارگاہِ خداوندی میں دعا ہے کہ پروردگار ان کے درجات کو بلند سے بلند فرمائے، ان کی تمام خدمات کو شرفِ قبولیت عطا کرے اور ہمیں بھی ان کے علمی و دینی آثار سے استفادہ کرتے ہوئے ان کے مشن کو آگے بڑھانے کی توفیق عطا فرمائے۔
سید احمد علی عابدی
17 نومبر 2026










آپ کا تبصرہ